اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے 14 دسمبر تک کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے شیڈول میں پاکستان کا کیس شامل نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حکام وزارت خزانہ نے 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کیلئے بورڈ کا اجلاس 7 دسمبر کو بلانے جانے کا امکان ظاہر کیا تھا، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معائدہ 15 نومبر کو طے پایا تھا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس معاہدے کے 6 سے 8 ہفتے بعد بلانے کا امکان ہے جبکہ دسمبر کے آخری عشرے کرسمس تعطیلات شروع ہو جائیں گی۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف بورڈ اجلاس سے قبل فنانسنگ کی ضروریات لازمی قرار دی گئی ہیں، پاکستان کو ایگزیکٹو بورڈ منظوری کے بعد 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط ملے گی۔
رواں مالی سال کے دوران پاکستان کو 25 ارب ڈالر فنانسنگ کی ضرورت ہے، خلیجی دوست ملک سے 1 ارب ڈالر، ایگزم بینک سے 1.2 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے، چین نے دو سال کیلئے مزید قرض رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس کے علاوہ عام انتخابات سے قبل نگران حکومت فروری میں نئے قرض پروگرام پر بات کر سکتی ہے، نگران حکومت آنے والی حکومت کیلئے معاشی حکمت عملی پر مبنی بلیوپرنٹ تیار کرے گی، رواں مالی سال مزید دس لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
بعدازاں مہنگائی میں کمی کیلئے آئی ایم ایف کو سخت مانیٹری پالیسی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، آئی ایم ایف کو مارکیٹ کے مطابق ایکسچینج ریٹ برقرار رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔



















