اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں پائیدار ترقی کیلئے 65 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز منظور کر لئے ہیں۔
اے ڈی بی نے اپنے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے تین منصوبوں کی رواں ہفتے منظوری دی ہے، 65 کروڑ 90 لاکھ ڈالر میں سے 65 کروڑ 52 لاکھ ڈالر قرض قرض جبکہ 38 لاکھ ڈالر کی رقم گرانٹ ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق قرض کی رقم اندرونی وسائل سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے سمیت سیکٹرز میں بہتری کیلئے خرچ کی جائے گی۔
اے ڈی بی نے بتایا کہ رقم 2022 کے سیلاب میں تباہ شدہ اسکولوں کی بحالی غذائی تحفظ کے منصوبے اور زرعی پیداوار بڑھانے پر خرچ ہوگی جس میں سے 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض سندھ میں اسکولوں کی کارکردگی کی بہتری کا منصوبہ ہے۔
30 کروڑ ڈالر قرض اصلاحات اور ٹیکس انتظامی معاملات کیلئے منظور کیے گئے ہیں، تاہم اے ڈی بی کا یہ اقدام 1.5 ارب ڈالر قرض پروگرام کا حصہ ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق 8 لاکھ ڈالر کی مالی گرانٹ بھی اسکولوں کی تعمیر و مرمت پر خرچ ہوگی جبکہ 8 کروڑ ڈالر کارعایتی قرض خیبرپختونخوا میں غذائی تحفظ کیلئے ہے، تاہم 30 لاکھ ڈالر کی گرانٹ خواتین کاشتکاروں کی ترقی کیلئے منظور کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 28 نومبر کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 18 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی تھی، اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ رقم پنجاب کے دو شہروں میں پانی کی فراہمی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر خرچ ہوگی، منصوبے سے پندرہ لاکھ افراد مستفید ہوں گے جبکہ راولپنڈی میں پانی کی فراہمی اوربہاولپورمیں سالڈویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو وسعت دی جائے گی۔
17 نومبر کو بھی ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے پچیس کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی تھی، رقم پنجاب اور کے پی کے میں بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر کرنے پر خرچ ہوگی۔



















