ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے بڑی خبر آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں پائیدار ترقی کیلئے 65 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کے فنڈز منظور کرلئے۔
اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل یوگینی زوکوف نے کہا کہ فنڈ سے پاکستان کو 2022 کے دوران مہنگائی اور سپر فلڈ کے اثرات سے نکلنے میں مدد ملے گی۔
اے ڈی بی کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے تین منصوبوں کی رواں ہفتے منظوری دی ہے، 65 کروڑ 90 لاکھ ڈالر میں سے 65 کروڑ 52 لاکھ ڈالر قرض ہے۔
30 کروڑ ڈالر وسائل کو متحرک کرنے اور استعمال کو بہتر کرنے میں مدد دیں گے جبکہ سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ منصوبے کو 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ملیں گے، جس سے سیلاب سے تباہ شدہ 1600 اسکولوں کی تعمیرنو میں مدد ملے گی۔
سندھ کو 8 لاکھ ڈالر تکنیکی گرانٹ فراہم کی جائے گی، جس کی نگرانی بھی کی جائے گی جبکہ کے پی فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ کیلئے 8 کروڑ ڈالر دیے جائیں گے۔
جاپان فنڈ سے کے پی میں خواتین کاشتکاروں کو 30 لاکھ ڈالر ملیں گے، سندھ کے ساڑھے 27 کروڑ ڈالرز اور کے پی کے 8 کروڑ ڈالرز اے ڈی بی سے ڈیڑھ ارب ڈالر کے منظور شدہ قرض کا حصہ ہیں۔



















