اسلام آباد: پاکستان اسکوک بانڈز اپریل 2024 میں جاری کرے گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق دسمبر تک اسکوک بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا ہے، اپریل 2024 تک پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں میں بڑی مشکلات کا سامنا نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اپریل 2024 تک آئی ایم ایف کی بقیہ دو قسطیں وصول ہو چکی ہوں گی، تاہم آئی ایم ایف کی دو قسطیں ملنے سے پاکستان کی عالمی درجہ بندی بہتر ہو گئی ہوگی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی درجہ بندی بہتر ہونے سے پاکستان کم شرح سود پر اسکوک بانڈز جاری کر سکتا ہے، اپریل 2024 تک پاکستان مہنگے قرضے حاصل نہیں کرے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مئی 2024 میں انٹرنیشنل اسکوک بانڈز جاری کرنے کی تیاریاں مکمل ہوں گی۔
اسکوک بانڈز
اسکوک ایک اسلامی مالیاتی سند ہے جو مغربی مالیات میں بانڈ کی طرح ہوتی ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان یہ بانڈز جاری کرتا ہے جبکہ اسلامی مالیاتی ادارے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی کارپوریشنز یہ بانڈز خرید کر اس کے عوض حکومت کو رقم دیتی ہیں جو حکومت مالی خسارہ کم کرنے اور دیگر منصوبوں پر خرچ کرتی ہے۔
اس بانڈ کے اجرا سے قبل کاغذی ضمانت کے بجائے کسی منافع بخش اثاثے کو بطور ضمانت رکھوایا جاتا ہے جس کی مالیت حکومت کی جانب سے حاصل کی گئی رقم کے برابر ہوتی ہے۔
حکومت اس رقم کے عوض سرمایہ کار کو سود کے بجائے منافع ادا کرتی ہے، لہذٰا اس بندوبست کے ذریعے حکومت بھی اپنا کام چلاتی ہے جبکہ سرمایہ کار کی رقم بھی محفوظ رہتی ہے۔



















