Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق بڑی خبر آگئی

پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق بڑی خبر آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ (جولائی تا دسمبر) میں ملک میں 7.68 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 15 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 9.03 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

دسمبر میں ملک میں 1.24 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو نومبر کے مقابلہ میں 10 فیصد کم ہے، نومبر میں 1.37 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

دسمبر 2022 کے مقابلہ میں دسمبر 2023 میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد کی کمی ہوئی۔

دسمبر 2022 میں ملک میں 1.33 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو دسمبر میں 2023 میں کم ہو کر 1.24 ملین ٹن ہو گئی۔

 اعدادوشمار کےمطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ملک میں 3.57 ملین ٹن پیٹرول ، 3.16 ملین ٹن ہائی اسپیڈ ڈیزل اور 0.56 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔

اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں پی ایس او کے 3.85 ملین ٹن، اٹک پیٹرولیم کے 0.78 ملین ٹن اور حسکول کے 0.20 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔