Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایک ماہ میں ایک ٹریلین سے زائد محصولات جمع؛ ایف بی آر کا افسران و اہلکاروں کو خصوصی انعام دینے کا فیصلہ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایک ماہ میں ایک ٹریلین سے زائد محصولات جمع کرنے پر اپنے افسران و اہلکاروں کو خصوصی انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ خصوصی انعام ہدف سے زائد ٹیکس ریونیو اکٹھا کرنے پر دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ہیڈ کوارٹرز اور فیلڈ فارمشنز کے افسران اور اہلکاروں کو انعام دیا جائے گا۔

ایف بی آر حکام نے بتایا کہ گریڈ ایک تا 21 کے افسران و اہلکاروں کو 2 سے 4 بنیادی تنخواہیں خصوصی انعام دی جائیں گی، انعام کو تقسیم کرنے کے لئے تمام لارج ٹیکس پیئر افسران، کسٹمز کے فیلڈ آفسز کے سربراہان سے فہرستیں طلب کرلی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال 2023-24 کی دوسری سہ ماہی میں ہدف سے زائد ٹیکس اکھٹا ہوا جبکہ اکتوبر تا دسمبر 2023 میں مقررہ ہدف سے زائد ٹیکس وصولیاں ہوئیں۔

گزشتہ ماہ دسمبر میں 1021 ارب روپے کے ٹیکس محصولات جمع کئے گئے تھے جبکہ ماہ دسمبر میں ریفنڈز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 38 ارب روپے جاری کئے گئے۔ ریفنڈز کے بعد خالص محصولات ایک ماہ میں 984 ارب روپے تھیں۔

چئیر مین ایف بی آر نے ممبر کسٹم ممبر آئی ار اور ٹیموں کو مبارکباد پیش کی تھی۔