پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ کم طلب اور تیل کی زیادہ پیداوار کے باعث 2024 کے اوائل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔
توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ کمزور عالمی معیشت اور امریکا میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی انوینٹری کی وجہ سے طلب میں کمی کے باعث نومبر اور دسمبر میں خام تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں جبکہ دنیا میں سب سے بڑے توانائی استعمال کرنے والے ملک چین کی تیل کی طلب ملک میں معاشی سست روی کے درمیان بحال نہیں ہو سکی ہے۔
دوسری جانب مارکیٹ پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس وقت خام تیل کی سپلائی طلب سے زیادہ ہے، 2024 کی پہلی ششماہی کے لیے ہم توقع کرتے ہیں کہ برینٹ (کروڈ) 60 سے 65 ڈالر فی بیرل سے لے کر 85 سے 90 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں صرف جغرافیائی سیاسی کشیدگی ہی تیل کی قیمتوں کو بڑھا سکتی ہے بصورت دیگر تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔



















