Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انتخابی بے یقینی کی صورتحال سے غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہونے کا خدشہ

اسلام آباد: گلوبل اکنامک پراسپیکٹس رپورٹ میں انتخابی بے یقینی کی صورتحال سے غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے معاشی صورتحال سے متعلق گلوبل اکنامک پراسپیکٹس رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ انتخابی بے یقینی کی صورتحال سے غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر ہوسکتی ہے اور سیاسی و سماجی عدم استحکام کے ساتھ تشدد سے معیشت سکڑ سکتی ہے۔

عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں سال 2024 انتخابات کا سال ہے، بنگلہ دیش، بھارت، مالدیپ اور پاکستان میں عام انتخابات ہوں گے۔

گلوبل اکنامک پراسپیکٹس رپورٹ کے مطابق انتخابات سے متعلق بے یقینی نجی شعبے بشمول غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر کر سکتی ہے جبکہ انتخابات سے قبل اخراجات میں اضافے سے مائیکرو لیول اکانومی پر اثر آئے گا، پالیسی تسلسل اور انتخابات کے بعد ترقی کے امکانات بڑھیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا جولائی 2023 سے جون 2024 تک کا اکنامک آؤٹ لک غیر فعال ہے، پاکستان میں رواں مالی سال ترقی کی شرح کا تخمینہ 1.7 فیصد ہے۔

عالمی بینک نے رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 1.7 فیصد رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2024,25 میں پاکستان کی شرح نمو 2.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں جنوبی ایشیائی خطے میں بھارت کی شرح نمو 6.3 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مالدیپ کی شرح نمو 6.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔