اسلام آباد: مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے بری خبر آگئی ہے، یکم فروری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق یکم فروری سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 7 روپے 85 پیسے تک مہنگی ہونے کا امکان ہے جبکہ اگلے 15 روز کیلئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے تک کا اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ یکم فروری سے مٹی کے تیل کی قیمت برقرار رکھے جانے کا امکان ہے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 55 پیسے تک بڑھنے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں اضافے کے باعث متوقع ہے، تاہم اوگرا پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق ورکنگ 31 جنوری کو حکومت کو بھجوائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق وزارت خزانہ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی، تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں یکم فروری سے آئندہ 15 روز کیلئے نافذ ہوں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 12 روز میں عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں 4 ڈالر 37 سینٹ فی بیرل اضافہ ہوا جس کے بعد عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت 77.78 ڈالر سے بڑھ کر 82.15 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔



















