پاکستانی ایکسپورٹرز کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
کنگز برج انویسٹمنٹ کے چیئرمین عمر ملک نے چائنہ اکنامک نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ پاکستان سے چین کو اشیاء اور خدمات کی برآمد میں سالانہ بنیاد پر 39.44 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی خدمات و مصنوعات کی چین کو برآمد میں اضافے کی بہت سی وجوہات ہیں، جن میں سے مارکیٹنگ اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ نمایاں ہیں۔
عمر ملک نے کہا کہ 5 روزہ چائنہ انٹرنیشنل فیئر فار ٹریڈ ان سروسز نے پاکستانی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات کی نمائش کیلئے اسٹیج فراہم کیا، اس کے بعد پاکستان میں 2023ء انٹرنیشنل ٹیکسٹائل نمائش، فوڈ اینڈ ایگری ایکسپو اور حال ہی میں لاہور میں ہیلتھ کیئر و انجینئرنگ کانفرنس منعقد ہوئی۔
کنگز برج انویسٹمنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ ان تقریبات میں ہمیں اپنی پیداواری صلاحیت، معیار اور وسائل کو سامنے لانے کا موقع دیا گیا، یہ ایک مجموعہ تھا جس میں پاکستان نے اپنی صلاحیت کو اجاگر کیا۔



















