Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پینشن لینے والوں کے لیے اہم خبر

پینشن لینے والوں کے لیے اہم خبر آگئی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق یکم جولائی سے نئی رضاکارانہ پنشن اسکیم لانے کی تیاری کی جارہی ہے جو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے تیار کی ہے۔

تمام نئی سرکاری بھرتیاں رضاکارانہ پنشن اسکیم کے تحت کیے جانے کا امکان ہے تاہم  پہلے سے بھرتی سرکاری ملازمین کو پنشن بجٹ سے ہی دی جائے گی۔

 البتہ وفاقی حکومت موجودہ سرکاری ملازمین کی رضامندی سے ان کو نئی اسکیم میں منتقل کرسکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ای سی پی نے سرکاری اور نجی شعبے میں نئی اسکیم کا اطلاق کرنے کی تجویز دی ہے، نجی شعبہ اس وقت ملازمین کو پراویڈنٹ فنڈ یا گریجویٹی کی سہولت فراہم کررہا ہے۔

 ایس ای سی پی کی تجویز ہے کہ نجی شعبہ ملازمین کو صرف رضاکارانہ پنشن اسکیم دے کیونکہ پراویڈنٹ فنڈ یا گریجویٹی سےملازمین کو ریٹائرمنٹ پرمستقل آمدن کی سہولت نہیں ملتی۔

ذرائع کے مطابق اس اسکیم کے تحت ملازمت کی تبدیلی کی صورت میں بھی پنشن سہولت جاری رہے گی۔

رضاکارانہ پنشن اسکیم کے لیے موجودہ ملازمین سے پوچھا جائے گا کہ وہ نئی اسکیم کا حصہ بنیں گے یا نہیں، اس حوالے سے فنڈ قائم کیاجارہا ہے جو ادارہ اور ملازم مل کر میچوئل فنڈ قائم کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اس اسکیم کے تحت ملازمین کی تنخواہ سے جتنی رقم کی کٹوتی کی جائے گی اتنی ہی رقم حکومت ادا کرے گی اور ملازمین کو وہ رقم لازمی طور پر انویسٹ کرکے اس کی اطلاع محکمے کو دینا ہوگی۔

 اس اسکیم میں موجود سرکاری ملازم کی ملازمت ختم ہونے کے بعد اس کا تعلق حکومت سے ختم ہوجائیگا اور ملازم کی سرمایہ کاری سے آنے والی رقم سے اسے پنشن دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں 43 پنشن فنڈ کام کررہے ہیں جن میں 61 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جاچکی ہے، خیبر پختوخوا حکومت نے سب سے پہلے 2 سال قبل پنشن فنڈ میں سرمایہ کاری کی جہاں حکومتی ملازمین کے لیے 21 پنشن فنڈ کام کررہے ہیں۔