Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ماہ رمضان کے دوران تھکاوٹ اور غنودگی سے بچانے میں مددگار طریقے کون سے ہیں؟

آج ہم آپ کو ماہ رمضان کے دوران تھکاوٹ اور غنودگی سے بچانے میں مددگار طریقے بتائیں گے۔

رمضان کے دوران لوگوں کو سستی، تھکاوٹ اور جسمانی توانائی میں کمی کے احساسات کا زیادہ سامنا ہوتا ہے۔

یہاں اچھی بات یہ ہے کہ غنودگی اور تھکاوٹ کے اس احساس سے بچنا زیادہ مشکل نہیں ہے، آپ چند عام چیزوں کے ذریعے اس کیفیت سے بچ سکتے ہیں۔

سحری روزوں کے معمولات کا اہم ترین حصہ ہے، سحری میں صحت کے لیے مفید غذاؤں کا استعمال دن بھر توانائی برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے جس کے باعث تھکاوٹ کا احساس طاری نہیں ہوتا۔

رمضان کے مہینے میں نیند کا دورانیہ گھٹ جاتا ہے لیکن دوپہر میں 20 سے 30 منٹ کے مختصر قیلولے سے رات کی نیند کی کمی کو کچھ حد تک پورا کرنے میں مدد ملتی ہے۔

روزے کے دوران پانی کی کمی سے بچنا بہت اہم ہوتا ہے، پانی کی کمی سے سردرد، سستی اور تھکاوٹ جیسے احساسات کا سامنا ہوتا ہے تو یہ ضروری ہے کہ افطار سے سحر تک مناسب مقدار میں پانی پینا عادت بنائیں۔

دن بھر غذا اور پانی سے دوری کے باعث کچھ افراد افطار میں ضرورت سے زیادہ کھا لیتے ہیں جس کے نتیجے میں سستی، پیٹ میں تکلیف اور نظام ہاضمہ کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

تو ضروری ہے کہ افطار میں غذا کی مقدار پر نظر رکھیں اور ایسی غذاؤں کو ترجیح دیں جن کو ہضم ہونے میں زیادہ وقت لگتا ہے تاکہ جسم کو توانائی فراہم ہوتی رہے اور تھکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔

روزے کے دوران سخت محنت نہیں کی جاسکتی لیکن روزمرہ کے امور سرانجام دینے سے جسمانی توانائی کو مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔