وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے عوام کو بُری خبر سنادی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں امید تھی 90 سے 110 سیٹیں مل جائیں گی لیکن الیکشن کے نتائج مایوس کن تھے، عوامی نتائج کا احترام کرتے ہیں، ہمیں اتنی سیٹیں نہیں ملیں جتنی ہم نے امید لگائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کو پیشکش کی تھی اگر نمبرز پورے ہیں تو حکومت بنالیں، ملکی ترقی کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے، ملک کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے اپوزیشن کیساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آئے گا، آپس کی نوک جھوک چلتی رہے گی ملکی مفاد کیلئے ایک ہونا ہے، کچھ مثبت انداز پی ٹی آئی کی طرف سے بھی ہونا چاہیے، آگے ہاتھ بڑھائیں اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ملک کی دو کمپنیوں نے گیس کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کی درخواست کی ہے، دونوں سوئی کمپنیز کا عالمی فرم سے آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جیسے ہی اوگرا اور بین الاقوامی آڈٹ کمپنی کی رپورٹ آئے گی تو ان سے پوچھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کمپنیوں میں کچھ بے قاعدگیاں دیکھی گئی ہیں، اس کا عندیا پہلے ہی دے چکا ہوں، ان اداروں کی بے قاعدگیوں کو سختی سے نمٹا جائے گا اور دونوں سوئی کمپنیز کا مکمل آڈٹ عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو سب متاثر ہوتے ہیں، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میرے ساتھ نہ ہوتے تو سخت اور بڑے فیصلے نہ کر پاتے، آذربائیجان سے گیس کے دو کارگو آ گئے ہیں، دو کارگو لینے سے اربوں روپے کا فائدہ پاکستان کو ہوا ہے، 8ملین ٹن کروڈ ہر سال امپورٹ کرتے ہیں،2لاکھ ٹن کے دو کارگو آئے ہیں۔



















