Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے عید سے قبل بڑی خوشخبری

مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے عید سے قبل بڑی خوشخبری آگئی ہے۔

کراچی میں گندم کی قیمت 5 روپے کم ہو کر 87 روپے فی کلو ہو گئی ہے جس کے بعد شہر قائد میں آٹے کے ریٹ کم ہو کر 106 روپے فی کلو ہو گئے ہیں اور جوڑیا بازار میں آٹے کے 50 کلو کی بوری کی قیمت 5300 روپے ہو گئی ہے۔

تاہم آٹا سستا ہونے کے باوجود کمشنر کراچی کی جانب سے نظر ثانی شدہ ریٹ لسٹ تاحال جاری نہیں کی گئی ہے اور ان کی جانب سے رمضان سرکاری فہرست میں آٹے کے نرخ تاحال فی کلو 123 روپے مقرر ہیں۔

شہر میں فائن آٹا اور میدے کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے اور سرکاری فہرست سے کم قیمت پر 126 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔

شہر میں آٹے، میدہ اور فائن آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی کے باوجود بیکری اور نان بائیوں نے قیمتوں میں کمی نہیں کی ہے۔ بیکری پر درمیانی ڈبل روٹی 130 روپے اور ہوٹلوں پر روٹی 25 سے 30 میں فروخت کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن رؤف ابراہیم کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک کی گندم کی فصل بھی آ گئی ہے جس کے بعد آنے والے دنوں میں گندم کی قیمت مزید کم ہونے کا امکان ہے۔

چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت آٹے کی قیمت کم ہونے کا فائدہ عوام تک پہنچائے اور کمشنر کراچی فوری طور پر روٹی اور بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کروائیں۔