کراچی کے شہریوں سے چھینی گئی گاڑیوں سے متعلق بڑی خبر آگئی ہے۔
اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہریوں سے چھینی یا چوری شدہ 18 گاڑیاں واپس مل گئی ہیں۔
یہ تمام گاڑیاں 21 روز میں برآمد کی گئی ہیں جنہیں ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل عارف اسلم راؤ نے خود مالکان کے حوالے بھی کر دیا ہے۔
عارف اسلم راؤ کا کہنا ہے کہ جو گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں وہ مختلف واقعات میں شہریوں سے چھینی یا چوری کی گئی تھیں اور متاثرہ شہری اپنی گاڑیاں واپس ملنے پر خوشی سے نہال ہو گئے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ برآمد شدہ گاڑیوں میں کرولا، آلٹو، کلٹس اور مزدا ٹرک سمیت دیگر شامل ہیں جنہیں تین ہفتے کے دوران برآمد کیا گیا اور اے وی ایل سی میں گاڑیوں کے تمام مالکان کو مدعو کر کے انہیں ان کی گاڑیاں واپس کی گئیں۔



















