Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نان اور روٹی کی قیمتوں سے متعلق عدالت کا بڑا فیصلہ

نان اور روٹی کی قیمتوں سے متعلق عدالت نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

اسلام آباد کی عدالت میں نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر کی درخواست پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے نان روٹی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن 6 مئی تک معطل کر دیا۔

سماعت پر درخواست گزار کے وکیل عمر اعجاز گیلانی اور ضلع انتظامیہ کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے موقف سے عدالت کو آگاہ کیا۔

ضلع انتظامیہ کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ قانون میں ترمیم کی گئی تھی اور ڈی سی اوز کو اس کا اختیار دیا گیا تھا۔

 جس پر درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے کہا کہ فیڈرل پرائس کنٹرول وزیراعظم کی نگرانی میں تھی۔

نمائندہ ضلع انتظامیہ نے کہا کہ کنٹرولر جنرل کو قیمتوں کے تعین کا اختیار دیا گیا ہے۔ کنٹرولر جنرل پرائسز اینڈ سپلائرز کو وفاقی حکومت مقرر کرے گی اور اسسٹنٹ کنٹرولر کو حکومت کا مجاز افسر مقرر کرے گا۔

بیرسٹر عمر اعجاز نے عدالت کو بتایا کہ نوٹیفکیشن میں کوئی حوالہ نہیں دیا گیا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں پنجاب میں 120 گرام کی روٹی 25 روپے میں ہے؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آٹا یہاں مہنگا اور کرایہ بھی زیادہ ہے۔

نمائندہ ضلع انتطامیہ نے کہا کہ متعلقہ افسر موجود نہیں، پیرا وائز کمنٹس دے دیتے ہیں۔