Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسابقتی ماحول پیدا کیے بغیر برآمدات کو بڑھانے کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، عاطف اکرام شیخ

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ مسابقتی ماحول پیدا کیے بغیر برآمدات کو بڑھانے کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف  کی کاروباری افراد اور صنعت کاروں سے ملاقات کو  خوش آئند  قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسابقتی ماحول پیدا کیے بغیر برآمدات کو بڑھانے کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی دیگر ممالک میں بجلی کے نرخ کم ہیں اور پاکستان میں زیادہ ہیں جو ہمیں ریجن کے مسابقتی میدان میں بہت پیچھے چھوڑ دیتے ہیں، صنعتوں کا پہیہ چلنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور عوام میں خوشحالی آئے گی۔

صدر فیڈریشن نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے عالمی سطح پر پاکستان کی امیج بلڈنگ پر توجہ دینے کی ضرورت  ہے، صنعتوں کی راہ میں حائل انتظامی رکاوٹیں دور کیے بغیر برآمدات میں اضافے کا ہدف حاصل نہیں ہوسکتا زیر التواء ٹیکس ریفنڈ کے اجراء سمیت توانائی کی بلاتعطل اور مناسب نرخوں پر فراہمی سمیت کئی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

عاطف اکرام نے کہا کہ پاکستان میں صنعت کار اور کاروباری افراد سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں معیشت کی ترقی میں صنعت کاروں اور تاجروں کا کردار اہم ہے، اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فوری ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن سے برآمدی مصنوعات کی پیداواری لاگت کم ہو تاکہ ہمیں ریجن کے دیگر ممالک کیساتھ بآسانی مقابلہ کر سکیں۔