مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جارہ کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 16 کے دام میں کمی جبکہ 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 1.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ سالانہ بنیاد پر مہنگائی 21.22 فیصد کی سطح پر آگئی۔
ٹماٹر، پیاز، لہسن، گندم آٹا، کیلے، چاول، سرخ مرچ، دال مسور سستی ہوئی۔ پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی آئی۔ البتہ آلو، بیف، مٹن، دال چنا، انڈے، چکن، کپڑے اور لکڑی کے نرخ بڑھ گئے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 27 روپے، پیاز کی فی کلو قیمت 27 روپے اور لہسن فی کلو قیمت میں 46 روپے تک کی کمی ہوئی۔
گزشتہ ہفتے آلو کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 28 پیسے کا اضافہ ہوا۔ بیف 10 روپے تک اور مٹن 20 روپے تک فی کلو مہنگا ہوا۔ دال چنا فی کلو 3 روپے تک اور انڈے فی درجن 2 روپے تک مہنگے ہوئے۔



















