Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت کاروبار سے باہر نکلے اور بطور ریگولیٹر اپنا کردا ادا کرے، عاطف اکرام شیخ

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت کاروبار سے باہر نکلے اور بطور ریگولیٹر اپنا کردا ادا کرے۔

 صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے حکومتی معاشی پلان کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت معاشی اہداف کے حصول کیلئے وسیع تر مشاورت اور مربوط پالیسی پر انحصار کرے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی مکمل بحالی کیلئے طویل المدتی پالیسیوں کی ضرورت ہے، حکومت کاروبار سے باہر نکلے اور بطور ریگولیٹر اپنا کردا ادا کرے۔

 عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ 60 ارب ڈالر برآمدات کے ہدف کا حصول ممکن ہے، اس کیلئے مقامی انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرنا ہونگی، بیرونی سرمایہ کاری، اوورسیز پاکستانیز اور زراعت یہ تینوں شعبے معاشی بحالی میں اہم ترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔

صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ بزنس کمیونٹی کو شامل کیے بغیر کوئی پالیسی یا پلان کامیاب نہیں ہو سکتا، حکومت معاشی پلان میں شرح سود کو کم از کم سنگل ڈیجیٹ میں لانے کیلئے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مالیاتی خسارے کو آئندہ پانچ سال میں 3 فیصد سے کم سطح تک لانے کیلئے حقیقی پلان مرتب کرے، ٹیکس نیٹ میں اضافے سمیت دیگر معاملات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر آگے بڑھا جائے۔

صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ خسارے کا شکار قومی اداروں کی جلد از جلد نجکاری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔