صدر کراچی چیمبر افتخار احمد شیخ کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کا آن لائن ریٹرن جمع کرنے کا پورٹل کام نہیں کررہا۔
صدر کراچی چیمبر افتخار احمد شیخ کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرنے میں ٹیکس گزاروں کو مشکلات کا سامنا ہے، ایف بی آر کا آن لائن ریٹرن جمع کرنے کا پورٹل کام نہیں کررہا۔
انہوں نے کہا کہ کئی افراد گوشوارے جمع کرنے کو کوشش کرتے ہوئے سست روی یا پھر ناقابل رسائی ہونے کی شکایات کررہے ہیں، ریٹرن جمع کرانے کے سسٹم میں ہر سال ہی ان دنوں میں شکایات موصول ہوتی ہیں۔
افتخار احمد شیخ کا کہنا ہے کہ ٹیکس گزاروں کی مشکلات کم کرنے کے لیے ایف بی آر سسٹم کی صلاحیت بہتر بنائے، حکومت نان فائلرز کے خلاف سخت اقدامات اُٹھا رہی ہے لیکن ایف بی آر کی نااہلی کی وجہ سے لوگ ریٹرن فائل کرنے سے قاصر ہیں۔
صدر کراچی چیمبر کا کہنا ہے کہ ریٹرن فائل کرنے کے طریقہ کار کو آسان بنانا اشد ضروری ہے، سسٹم کی سست روی اور پیچیدگیوں کی وجہ سے ریٹرن جمع کرانے کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے، پورے ملک کی تاجر برادری ستمبر میں ٹریڈ باڈیز کے انتخابات میں مصروف رہی۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات کے پیش نظر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کی جائے، بصورت دیگر تاجر برادری کے ارکین 30 ستمبر تک انکم ٹیکس جمع نہیں کر پائیں گے۔



















