وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت میں بنیادی اصلاحات لانا ہوں گی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کے حصول میں دوست ممالک نے مالیاتی ضرورت کو پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے سات ارب ڈالر قرض پروگرام کی منظوری دی ہے، اگر چاہتے ہیں کہ یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہو تو اس کے لیے ملکی معیشت میں بنیادی اصلاحات لانا ہوں گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ تنخواہ دار اور مینوفیکچرنگ طبقے پر جو اضافی بوجھ ڈالا گیا تھا اسے کم کیا جائے گا، ریٹیلرز، ہول سیلرز، زراعت اور پراپرٹی کے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ امریکہ ماضی میں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرتا رہا ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں اس میں مزید اضافہ ہوگا، دوست ممالک سے جو قرض لیا ہے اس میں چین کا حجم سب سے زیادہ ہے، آئی ایم ایف پوچھتا ہے کہ اسے واپس کیسے کریں گے۔



















