صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کر دیا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کرانے میں مشکلات کے سبب ایف بی آر آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے ناقص سسٹم کی وجہ سے ملک بھر میں ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کروانے میں مشکلات ہیں، ٹیکس دھندگان کی مشکلات کم کرنے کیلئے ایف بی آر کے سسٹم کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ وفاقی حکومت ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرے تو ٹیکس نیٹ میں بڑا اضافہ ممکن ہے، ایف بی آر نان فائلرز کے خلاف سخت اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹیکس سسٹم کو بہتر کرنے پر بھی توجہ دے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے طریقہ کار کو آسان بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ابھی تک صرف 26 لاکھ لوگوں نے ٹیکس ریٹرن فائل کیے ہیں، یہ اعدادوشمار مایوس کن ہیں، یکم جولائی 2023 سے اب تک ملک میں 8 لاکھ 44 ہزار سے زائد نئے ٹیکس پیئرز کا اضافہ ہوا ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ آخری تاریخ میں 1 ماہ کی توسیع سے گوشوارے جمع کرانے والوں کی مجموعی تعداد 70 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔



















