Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایف بی آر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آج آخری تاریخ

اسلام آباد: انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آج آخری تاریخ ہے، حکومت نے نان فائلرز کے خلاف گھیرا تنگ کرنے فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق یکم اکتوبر سے نان فائلرز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاکھوں نان فائلرز کو حتمی ٹیکس نوٹس جاری کرنے کا پلان ہے جبکہ نان فائلرز کے بیرون ملک جانے پر پابندیاں بھی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ موبائل سمز، بجلی اور گیس کے کنکشن منقطع کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے، تاہم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں سے دوگنا ودہولڈنگ ٹیکس وصول ہوگا، پہلی سہ ماہی کا شارٹ فال پورا کرنے کیلئے انفورسمنٹ اقدامات میں تیزی آئے گی۔

ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دس بڑے شعبوں سے اربوں روپے ٹیکس وصولی کا پلان ہے، جن میں ری ٹیل، ہول سیل، ٹرانسپورٹ رئیل اسٹیٹ، تعمیرات، صحت، تعلیم شامل ہیں۔

ایف بی آر کے پاس شہریوں کی ٹرانزیکشن کا مکمل ریکارڈ موجود ہے، نان فائلرز کی جانب سے پراپرٹی اور گاڑی کی سیل پرچیز پر پابندی کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد ٹیکس دہندگان کا وسیع پیمانے پر آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیکس چوری یا غلط معلومات کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد ہوگا۔

دوسری جانب چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے انکم ٹیکس گوشواروں کی تاریخ میں ممکنہ توسیع پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خدا کا نام لیں کوئی توسیع نہیں ہورہی، فی الحال تاریخ میں کسی قسم کی توسیع کا فیصلہ نہیں ہوا۔

انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو تاریخ میں توسیع کی سفارش بھی زیر غور نہیں ہے، ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ گوشوارے جمع کرانے کے دوران ایف بی آر سسٹم پر بہت بوجھ ہے، ایف بی آر کی ویب سائٹ پر ٹیکس دہندگان کو تکنیکی مسائل کا بھی سامنا ہے، ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی 30 ستمبر کی تاریخ میں توسیع کا امکان ہے۔