Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ڈیٹا شیئرنگ کیلئے ایف بی آر، اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے درمیان رابطہ

ڈیٹا شیئرنگ  کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، اسٹیٹ بینک  آف پاکستان اور کمرشل بینکوں کے درمیان  روابط جاری ہیں۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ٹیکس ٹو جی ڈی پی 13.7 فیصد تک لے جانے اورٹیکس نیٹ میں توسیع  کے لیے نادرا کی جانب سے ایف بی آر کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ میں تیزی آئی ہے۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ نادرا کی جانب سے شہریوں کا ڈیٹا شیئر کرنے سے فائلرز کی تعداد دوگنا کرنے میں مدد ملی۔ ایف بی آر نے صوبائی ریونیو اتھارٹیز کے ساتھ  بھی ڈیٹا شیئرنگ  بہتر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پراپرٹی، بینک بیلنس، بیرون ملک سفر سمیت اخراجات کی بنیاد پر ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔ اصلاحات کے ذریعے زرعی آمدن پر ٹیکس کو وفاقی  انکم ٹیکس اور کارپوریٹ ٹیکس سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے زرعی آمدن پر اگلے مالی سال سے ٹیکس وصولی شروع کریں گے۔ ڈیٹا شیئرنگ  کے لیے ایف بی آر، اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے درمیان روابط جاری ہیں۔