صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لگانے سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لگانے اور لیوی میں اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا، ملک میں محصولات کی بلند شرح مزید لوگوں کو ٹیکس چوری کی ترغیب دے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 180 ارب کا ٹیکس شارٹ فال پورا کرنے کیلئے عوام پر مزید ٹیکس بوجھ نہ ڈالے، جو ٹیکس چوری کر کے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں ان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، حکومتی معاشی ٹیم کو ریونیو شارٹ فال کم کرنے کیلئے طویل المدتی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف بی آر کا ٹیکس شارٹ فال ٹیکس نظام میں اصلاحات کے ذریعے پورا کیا جائے، مزید ٹیکس لگانے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے آؤٹ آف باکس حل تجویز کیے جائیں، حکومتی حالیہ کوششوں کی بدولت کاروباری فضا بہتر اور بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ٹیکسوں کے نظام میں اصلاحات، نظام کو آسان اور فعال بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے، معاشی پالیسیوں کا تسلسل ضروری، حکومت بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے پالیسیاں تشکیل دے۔



















