وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آوٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ معاشی آوٹ لک رپورٹ کے مطابق ترسیلات زر، برآمدات، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، درآمدات، مالی ذخائر اور روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔
ایف بی آر محصولات، نان ٹیکس آمدن سمیت مالی خسارے میں بھی اضافہ ہوا جبکہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ترسیلات زر میں 34.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی تا اکتوبر برآمدات میں 8.7 فیصد اور درآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا۔
کرنٹ اکاونٹ خسارہ سرپلس رہا، بیرونی سرمایہ کاری میں 56.2 فیصد کا اضافہ ہوا، مالی ذخائر 12 ارب ڈالر سے بڑھ کر 16 ارب ڈالر ہوگئے۔
ایف بی آر محصولات میں جولائی تا ستمبر 25.3 فیصد کا اضافہ ہوا، نان ٹیکس آمدن میں جولائی تا ستمبر 551 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مالی خسارہ 1896 ارب ریکارڈ کیا گیا، رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر مہنگائی کی شرح 8.7 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ بڑی صنعتوں کی پیداوار جولائی تا اکتوبر 1.92 فیصد ریکارڈ کی گئی۔



















