صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
ای سی او پاکستان، ترکیہ، افغانستان، آذربائیجان، ترکمانستان سمیت وسط ایشیائی ممالک پر مشتمل ریجنل بلاک ہے۔
فورم کے اعلامیہ کے مطابق عاطف اکرام شیخ کا بطور صدر ای سی او سی سی آئی انتخاب 7 دسمبر 2024 سے آئندہ 2 سال کیلئے کیا گیا ہے، عاطف اکرام شیخ کے انتخاب سے ای سی او کے رکن ممالک میں باہمی تجارت اور اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہو گا۔
نومنتخب صدر عاطف اکرام شیخ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر منتخب ہونے پر فورم کا مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بطور صدر ای سی او سی سی آئی پاکستان اور وسط ایشیائی ممالک میں اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے پرعزم ہوں، وسط ایشیائی ممالک پر مشتمل ای سی او بلاک تجارتی گزرگاہ اور دنیا کو جوڑنے کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔
نومنتخب صدر نے کہا کہ کثیر الجہتی فورم میں متحرک کردار ادا کرکے باہمی تجارت اور اقتصادی تعلقات میں اضافے کی کوشش کرینگے۔



















