Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوئی سدرن گیس کمپنی کے قدرتی گیس ذخائر میں بڑی کمی

سوئی سدرن گیس کمپنی کے قدرتی گیس ذخائر میں بڑی کمی سامنے آئی ہے۔

ترجمان سوئی سدرن کے مطابق گزشتہ 7 سالوں میں 465 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی ہوگئی، قدرتی گیس کے ذخائر میں سالانہ کمی کی وجہ سے سوئی سدرن کو چیلنجز کا سامنا ہے، قدرتی وساٸل میں کمی کی سبب طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فریچائز علاقوں میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی، 2017- 18 سے سوئی سدرن کو حاصل ہونے والی گیس کی فراہمی میں 40 فیصد کمی ہوئی ہے، گزشتہ سات سالوں کے دوران تقریباً 465 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سوئی سدرن کے ترجمان نے کہا کہ حکومتِ کی جانب سے منظور شدہ لوڈ مینجمنٹ پلان کے مطابق گھریلو صارفین کو ترجیح دی جاتی ہے، سوئی سدرن کے فرنچائز علاقوں میں، خاص طور پر گھریلو شعبے میں، کوئی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جاتیْ

ترجمان کے مطابق رات کے وقت لوڈ شیڈنگ نہیں کی جاتی بلکہ اگلے دن گھریلو صارفین کو بہتر پریشر کے ساتھ گیس میسر کرنے کیلئے رات کے وقت پریشر پروفاٸلنگ کی جاتی ہے، قدرتی گیس کی ہونے والی اس مسلسل کمی کی صورتحال میں ادارہ اپنے گھریلو صارفین کو خاص طور پر کھانا پکانے کے اوقات کے دوران، مطلوبہ گیس فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کرتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سردیوں کے موسم کے دوران قدرتی گیس کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے، کھانا پکانے کے علاوہ قدرتی گیس کو سخت ترین سردی سے بچاؤ کے لئے اپنے ماحول اور اطراف کو گرم رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ٹیل اینڈ میں واقع پرانے نیٹ ورکس کو ترجیح دی گئی ہے، گزشتہ دو سالوں کے دوران سوئی سدرن نے تھل، شہداد کوٹ، سکرنڈ، ڈیرہ بگٹی اور کراچی کے مختلف علاقوں میں اپنے 2,200 کلومیٹر طویل گیس ڈسٹریبیوشن نیٹ ورک کی بحالی مکمل کی ہے۔

ترجمان کے مطابق مستقبل میں مزید بہتری لانے کے لیے سوئی سدرن اگلے تین سالوں کے دوران 4,500 کلومیٹر گیس ڈسٹریبیوشن پائپ لائن نیٹ ورک کی بحالی کے لئے سرگرمِ عمل ہے، کراچی کے دو کلیدی ٹیل اینڈ علاقوں ڈیفنس اور لیاری کو اس بحالی منصوبے کے تحت ترجیح دی گئی ہے، لیاری میں 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام جون 2025 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

سوئی سدرن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاقوں شمالی ناظم آباد اور شمالی کراچی، ہالا، سنجھورو، پرانا سکھر، کندھ کوٹ اور حیدرآباد شہر کے کچھ علاقوں میں ڈسٹریبیوشن پائپ لائنز کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سوئی سدرن کی مستعد ٹیمیں مسلسل متحرک رہتی ہیں اور چوبیس گھنٹے گیس کی فراہمی کے کسی بھی مسئلے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔