پاکستان کے لیے امریکا سب سے بڑا برآمدی اور چین سب سے بڑا درآمدی ملک بن گیا ہے۔
مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں امریکہ کے لیے پاکستانی برآمدات زیادہ اور درآمدات کم ہیں جبکہ اسی مدت میں چین کے لیے پاکستانی برآمدات کم اور درآمدات کہیں زیادہ ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پاک امریکا دوطرفہ تجارت 3 ارب 5 کروڑ ڈالرز رہیں، جولائی تا نومبر 2024 میں امریکا کے لیے پاکستانی برآمدات 2 ارب 45 کروڑ ڈالرز رہیں۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ اسی مدت میں امریکا سے درآمدات کا حجم 59 کروڑ 42 لاکھ ڈالرز رہا، مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں امریکا کے لیے پاکستانی برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی تا نومبرمیں پاک چین دوطرفہ تجارت کا حجم 7 ارب 19 کروڑ 41 لاکھ ڈالرز رہا، اسی مدت میں چین کے لیے پاکستانی برآمدات ایک ارب 12 کروڑ 46 لاکھ ڈالرز رہیں۔
حکومتی ذرائع نے کہا کہ مالی سال کے پہلے5 ماہ میں چین سے درآمدات 6 ارب 7 کروڑ ڈالرز رہیں، جولائی تا نومبر 2024 میں چین سے درآمدات میں 15 فیصد اضافہ ہوا، اسی مدت میں چین کے لیے پاکستانی برآمدات میں 14 فیصد کمی ہوئی۔



















