Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مہنگائی میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانا ضروری ہے، صدر ایف پی سی سی آئی

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانا ضروری ہے۔

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عاطف اکرام شیخ نے پالیسی سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے پاس پالیسی ریٹ 7 فیصد پر لانے کی گنجائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں ماہ مرکزی بینک کے پاس شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانے کا بہترین موقع ہے، معاشی اشاریے مثبت اور مہنگائی بڑھنے کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانا ضروری ہے، شرح سود میں کمی سے پیسے کی سرکولیشن میں اضافہ ہوگا، بینکوں میں پڑے ہوئے پیسے صنعتوں میں لگیں گے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ صنعتوں کی پیداوار میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، پاکستان میں بیروزگاری کی شرح 7 فیصد تک ہے، بیروزگاری کی شرح میں کمی سے غربت میں براہ راست کمی ہوگی، تعمیراتی صنعت کیلئے حکومتی پیکیج سے بھی ملک میں خوشحالی آئے گی۔