Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسٹیٹ بینک کا شرح سود میں ایک فیصد کمی کا اعلان

گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نئے سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا۔

اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں ایک فیصد کمی کا اعلان کردیا، شرح سود 13 سے کم ہو کر 12 فیصد پر آگئی ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اعشاریے مثبت ہیں، مہنگائی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ خاطر خواہ کم ہوئے ہیں، مہنگائی مئی 2023 میں 38 فیصد تھی جو کم ہوکر 4.1 فیصد رہی، جنوری میں مہنگائی مذید کم ہوگی۔

جمیل احمد کا کہنا تھا کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں سرپلس رہا، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہنےکے سبب زرمبادلہ ذخائربڑھے، جون تک مہنگائی کی شرح 5 سے7 فیصد بینڈ کی اوپر کی سطح پر رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ورکرز ترسیلات اور برآمدات کے نمبر اچھے ہیں، ملک میں مجموعی زرمبادلہ ذخائر16.19 ارب ڈالر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جولائی میں مہنگائی کی شرح 11.50 فیصد رہنے کا اندازہ تھا، مالی سال 2025 میں مہنگائی کی شرح 5.5 سے 7.5 فیصد رہےگی، مالی سال 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ 0.5 فیصد خسارے سے 0.5 فیصد سرپلس کے درمیان رہے گا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، زرمبادلہ ذخائر مالی سال 2025 کے اختتام تک 13 ارب ڈالر ہوں گے، قرضوں کی ادائیگی اور کم ان فلوز کے سبب زرمبادلہ ذخائر میں جنوری میں کچھ کمی ہوئی، اور مالی سال 2025 میں جی ڈی پی نمو 2.5 سے 3.5 فیصد رہے گی۔