وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کا جائزہ اجلاس آئندہ چند ہفتوں میں ہوگا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کا جائزہ اجلاس آئندہ چند ہفتوں میں ہوگا، معاشی اصلاحات پر آئی ایم ایف کے اہداف حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ نے زرعی آمدن پر انکم ٹیکس لگانے کا قانون پاس کرلیا ہے، زرعی آمدن پر پنجاب اور خیبر پختونخوا پہلے ہی قانون سازی کر چکے ہیں، بلوچستان میں زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کا قانون جلد پاس ہونے کی توقع ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جائزہ میں سرخرو ہوں گے، آئی ایم ایف اہداف میں معاشی اور توانائی کی اصلاحات بروقت کیں، حکومت ایس او ایز کا قبلہ درست کرنے کے لیے پُرعزم ہے، اب تک ایس او ایز کی اصلاحات اور رائٹ سائزنگ بروقت کررہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ میں صنعت کاروں کو ٹیکس کوئی سرپرائز نہیں دیں گے، صنعت کاروں اور تاجروں سے آئندہ 2 ماہ تک مشاورت ہوتی رہے گی، ہر سال بجٹ میں چیمبرز ہمارے پاس آتے ہیں اس دفعہ حکومت چیمبرز کے پاس جائے گی۔



















