پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر شدید مندی رہی، سیاسی بے یقینی اور عالمی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیا، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 3 نفسیاتی حدیں کھو بیٹھا۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 2288 پوائنٹس کی کمی سے 165867 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری دن کے دوران انڈیکس 167918 پوائنٹس کی بلند ترین اور 165764 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر رہا۔
آج مجموعی طور پر 569 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا، جن میں سے صرف 55 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 409 کے بھاؤ میں کمی ہوئی۔
بازار میں 44 ارب 4 کروڑ حصص کے سودے ہوئے جن کی مجموعی مالیت 15 ارب روپے رہی۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 168155 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق سیاسی بے یقینی اور عالمی صورتحال نے اسٹاک مارکیٹ کو دباؤ میں رکھا، جبکہ آئی ایم ایف کے جائزے سے متعلق غیر یقینی صورتحال بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کررہی ہے۔



















