Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاہور ہائی کورٹ کے 4 فاضل ججز کو بھی مشکوک خطوط موصول

اسلام آباد ہائی کورٹ کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے 4 فاضل ججز کو بھی مشکوک خطوط موصول ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے چار فاضل ججز کو بھی مشکوک خطوط موصول ہوگئے، تاہم عدالتی عملے کی جانب سے خطوط کو کھولا نہیں گیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر سمیت اعلیٰ پولیس افسران ہائی کورٹ پہنچ گئے اور پولیس نے 4 خطوط قبضہ میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔

عدالتی ذرائع کے مطابق جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس شجاعت علی خان کو مشکوک خط موصول ہوا جبکہ چوتھا خط جسٹس عابد عزیز شیخ کو موصول ہوا۔

خط موصول کرنے والے لاہور ہائیکورٹ کے تین ججز انتظامی کمیٹی کے اراکین ہیں، مشکوک خطوط کی جانچ کے لئے فرانزک ٹیمیں پہنچ گئی ہیں اور لاہور ہائیکورٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے خطوط تحویل میں لیکر سیل کر دیے  جبکہ لاہور ہائیکورٹ کی سیکیورٹی بھی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سمیت 8 ہائی کورٹ ججز کو مشکوک خطوط موصول ہوئے تھے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے تصدیق کی تھی کہ ان سمیت تمام آٹھ ججوں کوخط ملے، ایک جج کے عملے نے خط کھولا تواس میں پاؤڈر تھا اور خط کھولنے والے عملے نےآنکھوں میں سوزش کی شکایت کی ہے۔

چیف جسٹس عامرفاروق نے بتایا تھا کہ خطوں میں اینتھراکس کا بتایا گیاہے، بنیادی طور پر ہائی کورٹ کو تھریٹ کیا گیا ہے۔

عدالتی زرائع کا کہنا تھا کہ خط میں ڈرانے دھمکانے والا نشان بھی موجود ہے تاہم خط کسی خاتون اپنا ایڈریس لکھے بغیر ججوں کو ارسال کیے جبکہ خط ریشم اہلیہ وقار حسین کی جانب سے بھیجے گئے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version