اسلام آباد: سپریم کورٹ ڈبل ٹیکسیشن ٹریٹی نظر ثانی کیس کی سماعت کیلئے تین رکنی بینچ تشکیل کردیا گیا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 3 رکنی بینچ کی سربراہی کریں گے، تاہم بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں۔
دوران سماعت وکیل سعد ہاشمی نے کہا کہ ڈبل ٹیکسیشن کیس فیصلے میں جسٹس منصورعلی شاہ نے فیصلہ سے اختلافی فیصلہ دیا۔
وکیل سعد ہاشمی نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے مکالمہ کیا کہ آپ نے کیس کا فیصلہ تحریر کیا تھا، سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے آپ کے فیصلہ سے اتفاق کیا تھا، نظر ثانی بینچ میں اختلافی فیصلہ لکھنے والے جسٹس منصور علی شاہ کو بھی شامل کیا جائے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جسٹس منصور علی شاہ کو بینچ میں شامل کرلیتے ہیں، نظر ثانی کے تیسرے جج جسٹس نعیم اختر افغان ہوں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں آج ڈبل ٹیکسیشن نظر ثانی کیس کی سماعت مقرر تھی، تاہم وکیل سعد ہاشمی نے دوران سماعت جسٹس منصور کو شامل کر کے نیا بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی۔
بعدازاں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ 21 اکتوبر کو ڈبل ٹیکسیشن نظر ثانی کیس کی سماعت کرے گا۔
