Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ نے 9 اور 10 مئی کے تمام مقدمات ڈی لسٹ کردیے

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نو مئی اور دس مئی کے رواں اور آئندہ ہفتے مقرر تمام مقدمات ڈی لسٹ کر دیے۔

چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 9 مئی ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر سماعت کی۔

پنجاب حکومت نے سینئر وکیل ذوالفقار نقوی کی خدمات حاصل کر لیں، سماعت کے دوران وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے مجھے 9 مئی مقدمات میں وکیل مقرر کیا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ تیاری کیلئے وقت دیا جائے۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نو مئی کے مقدمات تو کل اور پرسوں بھی مقرر ہیں، گزشتہ سماعتوں پر ایڈیشنل پراسیکیوٹر پیش ہو کر وقت مانگتے رہے، آج آپ وقت مانگ رہے ہیں، ایسے نہیں چلے گا، یہ کوئی ایک کیس نہیں پچاس کے قریب اپیلیں ہیں۔

وکیل ذوالفقار نقوی نے کہا کہ رواں ہفتے کے مقدمات ملتوی کر دیں آئندہ ہفتے والوں کی تیاری کرکے آؤں گا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کچھ اپیلیں کیس منتقلی کے حوالے سے بھی ہیں، کیس منتقلی کا معاملہ ختم ہوچکا اس پر حکومت سے ہدایات لے لیں۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جج کا تبادلہ ہوچکا صرف جرمانے اور کچھ آبزرویشنز کی حد تک اپیل کی پیروی کریں گے۔

عدالت نے نو مئی اور دس مئی کے رواں اور آئندہ ہفتے مقرر تمام مقدمات ڈی لسٹ کر دیے اور کہا کہ پنجاب حکومت کی مہلت کی استدعا منظور کرلی، تمام مقدمات کی سماعت عید کے بعد ہوگی۔

یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے نو مئی کے ملزمان کی ضمانتیں منظور کی تھیں، جس کے بعد پنجاب حکومت نے ضمانتیں منسوخ کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version