پاکستان کے نامور گلوکار اور اداکار علی ظفر کا کہنا ہے جب فلم کے لیے بھارت گیا تو کترینہ کیف کا اردو کا استاد میں تھا کیونکہ انہیں اردو نہیں آتی تھی۔
لاہور میں ہونے والے پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے دوران میٹ دی اسٹار سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا جس گھر میں میں پیدا ہوا وہ علمی گھرانہ ہے، ہمیشہ گھر میں پروگریسو گفتگو ہوتی تھی۔
ان کا کہنا تھا خوبیاں، خامیاں ہر کسی میں ہوتی ہیں اس لیے اچھے اور برے میں نہیں، درمیان میں دیکھنا چاہیے، میرے والد پوچھتے تھے زندگی میں کیا کرو گے اگر سی ایس ایس نہیں کرنا؟ لیکن مجھے بچپن سے پتہ تھا کہ میں کیا بننا چاہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا میں یہ نہیں چاہتا تھا کہ میری گاڑی اور نمبر پلیٹ دیکھ کر لوگ میری عزت کریں، میں چاہتا تھا کہ لوگ میرے کام کی وجہ سے میری عزت کریں، طیفا ان ٹربل اس لیے بنائی تاکہ پاکستان کو فخر ہو، پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے۔
علی ظفر نے کہا کہ میں نے کترینہ کیف کو کہا کہ شادی اپنی اپنی، نہ وہ شادی میں آئیں، نہ میں گیا، کترینہ کیف بہت محنتی اداکارہ ہیں اور کام پر فوکس کرتی ہیں، میں کترینہ کیف کا اردو کا استاد تھا کیونکہ ان کو اردو نہیں آتی تھی۔
سیشن کے دوران علی ظفر نے مذاقاً قہقہ لگاتے ہوئے کہا میرے بعد نہ کوئی اسٹار پیدا ہو سکتا ہے نہ ہو گا۔
گلوکار نے کہا کہ جو نئے بچے ہیں ان کے پاس پلیٹ فارم ہے، ہمارے وقت میں اتنا کچھ نہیں تھا، چھنو گانے کی وجہ سے شہرت ملی لیکن کیبل والوں کو کہتا تھا کہ میرا گانا چلا دو، اُس وقت مشہور ہونا مشکل تھا۔
علی ظفر کا کہنا تھا میں نے ایک ورچوئل علی ظفر بنایا ہے اس کا نام اے زی ایکس ہے، اے زی ایکس اگلی ویڈیو میں نظر آئے گا، گانا 14 فروری کو ریلیز ہو گا۔
