Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جان سے مارنے کی دھمکیاں، شاہ رخ خان کی سیکیورٹی میں اضافہ

بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی سیکیورٹی میں خاطر خواہ اضافہ کردیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان کو اس سال ان کی دو لگاتار ہٹ فلموں کے بعد خطرے کے ادراک کے پیش نظر وائی پلس سیکیورٹی فراہم کردی گئی ہے۔

سیکیورٹی کی تفصیلات کے مطابق اداکار کی حفاظت کے لئے ہر وقت چھ پولیس کمانڈوز ان کے ساتھ رہیں گے جو کہ مہاراشٹر پولیس کے خصوصی تحفظ یونٹ سے ہوں گے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اداکار کی حفاظت پر معمور چھ پولیس کمانڈوز MP-5 مشین گنز، AK-47 اسالٹ رائفلز اور Glock پستول سے لیس ہوں گے اور ان کی رہائش گاہ پر بھی چار مسلح پولیس اہلکار ہر وقت پہرہ دیں گے۔

پولیس کے مطابق، شاہ رخ خان نے خود مہاراشٹر حکومت کو خط لکھ کر ان کو ملنے والی دھمکیوں کے متعلق آگاہ کیا۔

لگاتار دو فلموں کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے، انٹیلی جنس رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کی جان کو خطرہ ہے اور انہیں جان سے مارنے کی متعدد دھمکیاں بھی موصول ہوئیں ہیں۔

بعدازاں شاہ رخ کو حال ہی میں پیش آنے والے واقعات اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر ادائیگی کی بنیاد پر اسکارٹ لیول کی سیکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان اپنی سیکیورٹی کے لئے خود ادائیگی کریں گے اور ایسا تب تک ہوگا جب تک کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی اگلی میٹنگ میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں لیتی۔

اس سال کے آغاز میں، بےشرم رنگ گانے پر تنازعہ کے بعد، شاہ رخ خان کو بھارت کے شمالی علاقے میں واقع، اتر پردیش کے ایک شہر، ایودھیا میں مقیم پرمھانس آچاریہ کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔

اس کے علاوہ ماہ اگست میں اداکار کی رہائش گاہ منت کے باہر بڑے پیمانے پر احتجاج بھی ہوئے تھے۔

ایک وقت تھا جب ممبئی پولیس انڈر ورلڈ کی دھمکیوں کی وجہ سے فلم انڈسٹری کی مشہور شخصیات کو سیکیورٹی فراہم کرتی تھی لیکن اب ایسی دھمکیاں کم ہوگئی ہیں۔

دیگر فلم اسٹارز جن کے پاس سیکیورٹی ہے ان میں امیتابھ بچن اور سلمان خان شامل ہیں، جبکہ اکشے کمار اور انوپم کھیر کو ایکس لیول سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

نومبر 2022 میں، پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے مبینہ دھمکیوں کے پیش نظر اداکار سلمان خان کی سیکیورٹی کو X کیٹیگری سے Y میں اپ گریڈ کر دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان نے سال 2023 میں باکس آفس پر سب سے زیادہ بزنس کیا تھا  تاہم 7 ستمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے  ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق ’جوان‘ دنیا بھر کے باکس آفس پر 11,033 ملین روپے کما چکی ہے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version