بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کی بیٹی ایرا خان اور ان کے دیرینہ بوائے فرینڈ نوپور شیکھارے کی منگنی 18 نومبر 2022 کو ہوئی تھی اور اب اداکار نے اپنی بیٹی کی شادی کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ چند ماہ سے ایرا اور نوپور کی شادی کی تاریخ کے بارے میں افواہیں گردش کر رہی ہیں جس پر ردعمل دیتے ہوئے اداکار نے اب باضابطہ طور پر اپنی بیٹی کی شادی کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عامر خان نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنی بیٹی کی شادی کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایرا اور نوپور کی شادی آئندہ سال 3 جنوری کو ہوگی ۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اداکار نے اپنے ہونے والے داماد کو اپنا بیٹا کہا اور کہا کہ نوپور بہت اچھا لڑکا ہے اور انہیں واقعی ایسا لگتا ہے کہ وہ ان کے خاندان کا حصہ ہے۔
اس کے علاوہ اپنی بیٹی کی شادی کے متعلق بات کرتے ہوئے اداکار کا کہنا تھا کہ وہ ایرا کی شادی والے دن بہت روئیں گے کیونکہ انہیں اپنے جذبات پر قابو رکھنا نہیں آتا ہے اور گھر میں بھی اس حوالے سے بات چیت شروع ہوچکی ہے ۔
گزشتہ سال ایرا خان اور نوپور شیکھارے کی منگنی کی شاندار تقریب کے بعد سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ان کی شادی سال 2023 میں اکتوبر کی 3 تاریخ کو ہوگی تاہم خود اداکار کی بیٹی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے ان خبروں کی تردید کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ایرا دماغی صحت کی وکیل ہیں اور وہ اکثر اس موضوع پر اپنے ذاتی تجربات شیئر کرتی ہیں۔ انہوں نے تھیٹر کی دنیا میں بطور پلے ڈائریکٹر بھی ڈیبیو کیا ہے۔
دوسری جانب نوپور شیکھارے اداکار عامر خان کے فٹنس کوچ ہیں اور ان دونوں کی ملاقات سال 2020 میں ہوئی تھی جس کے بعد وہ بہت اچھے دوست بن گئے تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
