Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سانولی رنگت کیوجہ سے لڑکیوں کو کونسے کردار دئیے جاتے ہیں؟ آمنہ الیاس بول پڑیں

پاکستان شوبز انڈسٹری کی پرکشش اداکارہ اور نامور ماڈل آمنہ الیاس کا کہنا ہے کہ سانولی رنگت کی لڑکیوں کو آج بھی شوبز انڈسٹری میں منفی کردار دئیے جاتے ہیں۔

آمنہ الیاس نے حال ہی میں پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور   سانولی رنگت کے ساتھ زندگی گزارنے کے اپنے تجربے اور اس کی وجہ سے ہونے والے امتیازی سلوک کے بارے میں بھی کھل کر بات کی۔

نامور ماڈل نے بتایاکہ جب انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا تو انہیں سانولی رنگت کے طعنے دئیے جاتے تھے، انہیں ڈراموں  کی شوٹنگ اور ماڈلنگ کے لیے رنگت گوری دکھانے کے لیے مختلف کریمز لگائی جاتی تھیں، جوکہ ان کے لیے بہت عجیب اور تکلیف دہ تھا۔

آمنہ الیاس کا مزید کہنا تھا کہ ان کے گھر میں سب کی رنگت سانولی ہے اس لیے انہیں کبھی بھی احساس نہیں ہوا تاہم جب اداکاری شروع کی تو سانولی رنگت کے طعنے ملے۔

اداکارہ و ماڈل نے کہاکہ سانولی لڑکیوں کو آج بھی ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں منفی کردار دئیے جاتے ہیں اور انہیں سگریٹ پیتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی  آمنہ الیاس نے اپنے پاؤں پر ہونے والی تنقید پر ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

آمنہ الیاس نے بتایا کہ انہوں نے اداکارہ ایمن خان کے ہمراہ منال کے ویڈنگ ڈنر کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جس پر کیا جانے والا ایک کمنٹ بہت وائرل ہوا تھا۔

وائرل کمنٹ میں صارف نے لکھا تھا کہ باجی جتنا میک اپ اپنے feets پر لگایا ہے تھوڑا پاؤں پر بھی لگالیتی، جس پر میں نے صارف سے کمنٹ کرتے ہوئے پوچھا کہ foot یا feet؟

دوسرا سوال یہ کہ آپ نے چاٹنا ہے کیا؟ جس کے پیش نظر میرا مقصد یہ تھا کہ میرے پیروں سے آپ کو کیا لینا دینا؟

یہ بھی پڑھیں: ’لوگ میرے پاؤں پر بھی تنقید کرتے ہیں‘، آمنہ الیاس

اس سے قبل آمنہ الیاس نے سماجی را بطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ انڈسٹری سے وابستہ میری کچھ ساتھی فنکارائیں پیسوں کی خاطر ایک عرصے سے رنگ گورا کرنے والی کریم کی تشہیر کر رہی ہیں۔

ماڈل نے لکھا کہ عوامی شخصیت ہونے کے ناطے ہمارا یہ کام ہے کہ ہم دوسرے کو اس کی خوبصورتی کا احساس کرائیں نہ کہ اسے شرمندہ کریں کہ وہ خوبصورت نہیں، اس طرح کی فکر کو پروان چڑھانے والوں کو شرم آنی چاہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version