پاکستانی اداکار اور سوشل میڈیا انفلوئنسر خاقان شاہنواز اپنے ایک حالیہ بیان کے باعث سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئے جہاں صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک پوڈکاسٹ میں مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کے احترام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خاقان شاہنواز کا کہنا تھا کہ ملک کی خدمت کرنے والے تمام افراد یکساں عزت کے مستحق ہیں۔
اس دوران انہوں نے فوجی جوانوں کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرحدوں پر فرائض انجام دینے کے بدلے تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں۔
اداکار کے اس تبصرے پر سوشل میڈیا صارفین نے ناراضی کا اظہار کیا اور اسے فوجی جوانوں اور شہداء کی قربانیوں کے حوالے سے نامناسب قرار دیا۔
معاملے پر بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد خاقان شاہنواز نے اپنے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وضاحت پیش کرتے ہوئے معذرت کرلی۔
اپنے وضاحتی بیان میں اداکار نے کہا کہ میری گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، میں مسلح افواج اور شہداء کا دل سے احترام کرتا ہوں اور میرا کسی کی دل آزاری یا توہین کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
