باڈی اسپرے استعمال کرنے والے افراد کو ماہرین نے خبردار کر دیا ہے۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے شو میں پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ بابر سعید خان نے شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ ’ باڈی اسپریز اور ایئر فریشنر بڑوں اور بالخصوص بچوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتے ہیں ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ ان اسپریز میں ایسے اجزا موجود ہوتے ہیں جو سانس کے ساتھ پھیپھڑوں میں جا کر طبیعت خرابی کا سبب بن سکتے ہیں، علاوہ ازیں ان کی وجہ سے حرکت قلب بند بھی ہوسکتی ہے ‘۔
پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ بابر سعید خان نے کہا کہ ’ اگر جسم کی صفائی ستھرائی رکھی جائے، اور گھروں کو بھی صاف رکھا جائے اور ہوا کی مناسب آمد و رفت کا خیال رکھا جائے تو نہ بدبو پیدا ہوگی نہ خوشبو کی ضرورت پڑے گی ‘۔
بابر سعید خان نے کہا کہ ’ ہمارے گھروں کی تعمیر ایئر کنڈیشنر کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جاتی ہے اور وینٹی لیشن کے تمام ذرائع بند ہوجاتے ہیں، ایسے گھروں اور کمروں میں آکسیجن کی کمی واقع ہوجاتی ہے یہی وجہ ہے کہ صبح اٹھنے کے بعد سر درد اور سر میں بھاری پن محسوس ہوتا ہے‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برطانیہ میں ایک 14 سالہ بچی باڈی اسپرے کے بے تحاشہ استعمال کے باعث ہلاک ہوگئی جس کے بعد ان اسپریز کے استعال پر سوالیہ نشان اٹھ گئے ہیں۔
