Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بالوں کے سرے تراشنا انہیں لمبا کرنے میں مدد دیتا ہے؟

بالوں کی افزائش کا بنیادی تعلق سر کی جلد اور بالوں کی جڑوں کی صحت سے ہوتا ہے

 لمبے اور گھنے بال خوبصورتی کی علامت سجھے جاتے ہیں یہی وجہ ہے خواتین کی بڑی تعداد انہیں حاصل کرنے کے لیے کئی طرح کی جتن کرتی ہیں اسی میں بالوں کے سروں کو ترشنا بھی شامل ہے۔

بالوں کے سِرے باقاعدگی سے کاٹنے کو عموماً بالوں کی بہتر نگہداشت کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق سِرے کاٹنے سے بالوں کی نشوونما کی رفتار براہِ راست نہیں بڑھتی۔

بال جڑوں سے بڑھتے ہیں اس لیے بالوں کی افزائش کا بنیادی تعلق سر کی جلد اور بالوں کی جڑوں کی صحت سے ہوتا ہے۔ تاہم باقاعدگی سے سِرے تراشنے سے پھٹے ہوئے اور نقصان زدہ سِرے ختم کیے جا سکتے ہیں جس سے بالوں کا ٹوٹنا کم ہوتا ہے اور وہ مجموعی طور پر زیادہ صحت مند اور گھنے دکھائی دے سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر بالوں کے پھٹے ہوئے سِروں کو بروقت نہ کاٹا جائے تو یہ نقصان بالوں کی لمبائی کے ساتھ اوپر کی جانب بڑھ سکتا ہے جس کے نتیجے میں بال مزید کمزور، خشک اور ٹوٹنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: روسی خواتین مالی فوائد کے لیے فوجیوں سے شادی کرنے لگیں

ہر کتنے عرصے بعد بال کاٹنے چاہییں؟

عام طور پر بالوں کے سِرے ہر دو سے تین ماہ بعد تراشنا بالوں کی مجموعی صحت برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، تاہم یہ مدت بالوں کی قسم، لمبائی اور ان کی حالت کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔

گھنگریالے بال چونکہ عموماً سیدھے بالوں کے مقابلے میں زیادہ خشک ہوتے ہیں، اس لیے ان میں سِروں کے پھٹنے کا امکان زیادہ ہو سکتا ہے۔ ایسے بالوں کو مناسب وقفے سے تراشنے کے ساتھ موئسچرائزنگ ماسک، تیل اور ہیٹ پروٹیکٹنٹ مصنوعات کا استعمال بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

ہیئر اسٹائل برقرار رکھنے کے لیے تراش ضروری

ماہرین کے مطابق اگر کسی مخصوص ہیئر اسٹائل یا لمبائی کو برقرار رکھنا مقصود ہو تو عموماً 6 سے 8 ہفتے کے وقفے سے بال تراشنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے، خصوصاً لیئرز یا بوب کٹ جیسے اسٹائلز میں۔

اسی طرح فرنچ بینگز یا ماتھے کے قریب چھوٹے بالوں کو شکل برقرار رکھنے کے لیے تقریباً ہر 4 ہفتے بعد تراشنا پڑ سکتا ہے۔

خراب بالوں کے لیے زیادہ توجہ ضروری

کیمیائی رنگ، بالوں کو سیدھا کرنے والے طریقوں اور ہیٹ اسٹائلنگ کے باعث بالوں کو نقصان پہنچنے کی صورت میں سِروں کی باقاعدہ تراش زیادہ اہم ہو جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے بالوں کے سِرے تقریباً 8 ہفتے بعد تراشنے سے پھٹنے اور ٹوٹنے کے مسئلے کو قابو میں رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

Exit mobile version