Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

طویل عمر پانے کے لیے صحت مند غذا زیادہ اہم یا ورزش؟ تحقیق میں حیران کن انکشاف

محققین کے مطابق جسمانی سرگرمی میں معمولی اضافہ بھی صحت کے لیے غیر معمولی فوائد کا باعث بن سکتا ہے

صحت کے ساتھ طویل عمر  کے لیے متوازن غذا اور باقاعدہ ورزش کو بنیادی اہمیت حاصل ہے تاہم حال ہی میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں ان دونوں میں سے عمر بڑھانے اور طویل زندگی کے لیے زیادہ مؤثر عنصر کی نشاندہی کی گئی ہے۔

امریکی جریدے مایو کلینیکل پروسیڈینگ میں شائع ہونے والے ایک تحقیقی جائزے کے مطابق صحت مند غذا کے مقابلے میں جسمانی سرگرمیاں اور ورزش انسان کی عمر میں اضافے اور قبل از وقت موت کے خطرے میں کمی کے حوالے سے زیادہ مضبوط تعلق رکھتی ہیں۔

اس تحقیق میں گلین گیزر اور ان کے شریک محقق، کھیلوں کے طبی ماہر رابرٹ سالس نے درجنوں سائنسی مطالعات اور تحقیقی تجزیوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران صحت مند غذا اور جسمانی سرگرمیوں کے مجموعی اموات کے خطرے سے تعلق کا موازنہ کیا گیا۔

محققین کے مطابق صحت بخش غذا اپنانے سے موت کے خطرے میں نمایاں کمی آسکتی ہے تاہم جسمانی سرگرمیوں کے فوائد اس سے کہیں زیادہ ہیں۔ اس کے برعکس، ورزش نہ کرنا اور زیادہ وقت بیٹھے رہنا قبل از موات کے خطرے کو بڑھا دیتا ہے۔

تحقیق کے مطابق غیر صحت بخش غذا سے اموات کا خطرہ 3 سے 20 فیصد تک بڑھ سکتا ہے جبکہ ورزش نہ کرنے اور زیادہ تر وقت بیٹھے رہنے والے افراد میں یہ خطرہ 46 سے 163 فیصد سے بھی زیادہ ہوسکتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ صحت مند غذائی عادات اپنانے والوں میں غیر صحت بخش غذا استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں موت کا خطرہ 4 سے 23 فیصد تک کم تھا۔

اس کے برعکس روزانہ تقریباً 11 ہزار سے 16 ہزار قدم چلنے والے افراد میں روزانہ 2 ہزار سے 5 ہزار قدم چلنے والوں کے مقابلے میں موت کا خطرہ 45 سے 67 فیصد تک کم پایا گیا۔

اسی طرح جسمانی اور قلبی صحت کے حوالے سے بہتر فٹنس رکھنے والے افراد میں کم فٹنس رکھنے والوں کے مقابلے میں اموات کا خطرہ 41 سے 53 فیصد تک کم دیکھا گیا۔

محققین کے مطابق جسمانی سرگرمی میں معمولی اضافہ بھی صحت کے لیے غیر معمولی فوائد کا باعث بن سکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق روزانہ صرف 2 ہزار اضافی قدم چلنے سے اموات کا خطرہ تقریباً 25 سے 50 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔

اسی طرح زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد اگر روزانہ اپنی جسمانی سرگرمی میں 5 سے 10 منٹ کا اضافہ کریں تو ان میں موت کا خطرہ 30 سے 42 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب غذائی عادات میں بہتری کے فوائد بھی سامنے آئے۔ مثال کے طور پر روزانہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال 2.5 سے بڑھا کر 5 سرونگز کرنے سے موت کا خطرہ تقریباً 13 فیصد کم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا۔

اسی طرح مکمل اناج اور غذائی فائبر کا استعمال تجویز کردہ مقدار تک بڑھانے سے اموات کے خطرے میں 6 سے 20 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔

تاہم محققین نے واضح کیا ہے کہ تحقیق میں شامل بیشتر شواہد مشاہداتی نوعیت کے ہیں، اس لیے ان نتائج سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ورزش براہِ راست موت کے خطرے میں کمی کا سبب بنتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس تحقیق کا مقصد صحت مند غذا کی اہمیت کم کرنا نہیں بلکہ جسمانی سرگرمیوں کی افادیت کو اجاگر کرنا ہے۔

Exit mobile version