Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تمباکو کے پودوں سے کینسر کی دوا تیار

اس تحقیق سے مستقبل میں کینسر کی اہم ادویات کی تیاری کے لیے پودوں کو بطور حیاتیاتی فیکٹری استعمال کرنے کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں

 سائنس دانوں نے تمباکو کے پودوں کی مدد سے کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی اہم دوا پیکلی ٹیکسل تیار کرنے میں اہم کامیابی حاصل کرلی ہے، جس سے مستقبل میں اس دوا کی تیاری کے لیے یو کے درختوں پر انحصار کم ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

جرنل نیچر کیمیکل بائیولوجی میں 23 نومبر کو شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کے سائنس دانوں نے یونیورسٹی آف ایتھنز اور فیوم یونیورسٹی کے محققین کے اشتراک سے تمباکو کی ایک قسم نیکوٹیانا بینتھامیانا میں پیکلی ٹیکسل کی حیاتیاتی تیاری کا مکمل عمل تشکیل دیا ہے۔

پیکلی ٹیکسل کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی ایک اہم دوا ہے تاہم اس کی پیچیدہ کیمیائی ساخت اور قدرتی ذرائع سے محدود دستیابی کے باعث اس کی تیاری ایک مشکل عمل رہی ہے۔

اس سے قبل سائنس دان اس دوا کی تیاری کے مختلف جزوی حیاتیاتی طریقے پیش کرچکے تھے، تاہم حالیہ تحقیق میں پہلی مرتبہ اس کے مکمل حیاتیاتی پیداواری عمل کی کامیابی سے تصدیق کی گئی ہے۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے دوا کی تیاری میں شامل مختلف مراحل، خامروں کی سرگرمیوں اور درمیانی کیمیائی مرکبات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ اہم مرکبات کو الگ کرکے نیوکلیئر میگنیٹک ریزوننس (NMR) ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کی کیمیائی ساخت کی بھی تصدیق کی گئی۔

تحقیق کی ایک نمایاں کامیابی یہ بھی ہے کہ سائنس دانوں نے مخصوص جینیاتی اور حیاتیاتی طریقوں کے ذریعے پیکلی ٹیکسل کی پیداوار میں 500 گنا سے زیادہ اضافہ کیا جس کے نتیجے میں فی گرام خشک تمباکو کے پودے سے 61.05 مائیکروگرام دوا حاصل کی گئی۔

محققین کے مطابق یہ مقدار یو کے درخت کی چھال سے حاصل ہونے والی دوا کی مقدار کے قریب ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے مستقبل میں کینسر کی اہم ادویات کی تیاری کے لیے پودوں کو بطور حیاتیاتی فیکٹری استعمال کرنے کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں، تاہم تجارتی پیمانے پر پیداوار کے لیے مزید تحقیق اور عملی مراحل طے کرنا ہوں گے۔

Exit mobile version