مونگ پھلی کا شمار ان خشک میوہ جات میں ہوتا ہے جو کم قیمت ہونے کی وجہ سے سب میں یکساں مقبول ہیں، اس میں پروٹین، صحت بخش چکنائیاں، وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں، جو جسم کے مختلف افعال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مونگ پھلی میں تقریباً 25 فیصد پروٹین سمیت متعدد اہم غذائی اجزا پائے جاتے ہیں جو جسمانی خلیوں کی نشوونما اور مرمت میں مدد دیتے ہیں۔ اس میں فولک ایسڈ، تانبا، نیاسین اور مختلف وٹامنز بھی موجود ہوتے ہیں، جو جسم کی مجموعی صحت کے لیے اہم ہیں۔
ماہرین کے مطابق مونگ پھلی میں موجود غیر سیر شدہ چکنائیاں، فائبر اور دیگر غذائی اجزا دل کی صحت برقرار رکھنے اور خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو خلیوں کو نقصان پہنچانے والے آزاد ریڈیکلز کے اثرات سے بچانے میں بھی کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مونگ پھلی کی الرجی سے بچانے والی دوا تیار
مونگ پھلی میں فائبر کی موجودگی اسے پیٹ بھرنے کا احساس برقرار رکھنے کے لیے مفید بناتی ہے جس سے وزن کو قابو میں رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم، اس میں کیلوریز کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث اسے مناسب مقدار میں کھانا ضروری ہے۔
مونگ پھلی میں ٹرپٹوفان نامی امینو ایسڈ بھی پایا جاتا ہے، جو جسم میں سیروٹونن سمیت بعض اہم کیمیائی مادوں کی تیاری میں کردار ادا کرتا ہے۔ سیروٹونن مزاج، نیند اور جذباتی کیفیت کو منظم کرنے میں اہمیت رکھتا ہے۔
اگرچہ مونگ پھلی متوازن غذا کا مفید حصہ ہے تاہم یہ کہنا درست نہیں کہ اس کے استعمال سے سرطان، الزائمر، ذیابیطس یا امراضِ قلب سے مکمل تحفظ حاصل ہو جاتا ہے۔ ان بیماریوں سے بچاؤ کے لیے متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند طرزِ زندگی اہم ہیں۔
