پشاور :خیبرپختونخوا میں کورونا ایس او پیز سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیے کے مطابق تمام تجارتی سرگرمیاں رات 10 بجے بند ہوگی، انڈور شادی تقریبات میں 200،آوٹ ڈورمیں 400 افرادکی اجازت ہوگی، سینما گھربدستور بند رہینگے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں تمام مارکیٹیں ایک دن بند رہے گی، پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد سواریوں کی اجازت ہو گی۔ عوامی مقامات پر ماسک پہنا لازمی قرار ہوگا۔
جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق دفاتر میں 100فیصد حاضری کی اجازت بھی دیدی گئی ہے، مذہبی مقامات کو کل سے کھلنے کی اجازت ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق کنٹکٹ اسپورٹس اور فیسٹیول پر پابندی برقرار رہے گی جبکہ سوئمنگ پولز اور پارکسز میں50 فیصد افراد کے داخلے کی اجازت ہو گی۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ویکسین نہ لگانے والوں کے داخلے پر پابندی
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں واقع وزیرِ اعلیٰ ہاؤس اور سیکریٹریٹ میں کورونا وائرس کی ویکسین نہ لگوانے والوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس پابندی کا اعلان خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے کے ذریعے کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ ہاؤس اور سیکریٹریٹ کے ملازمین اور مہمانوں کو مین گیٹ پر لازمی کورونا ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ دکھانا ہو گا۔
اعلامیے کے مطابق اس پابندی کا اطلاق ملازمین اور دیگر ملاقاتیوں پر ہوگا۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کی صورتحال
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار714 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ12 ہزار809ہوگئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں کورونا کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 69 ہزار 429 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سےنیچے آگئی ہے۔
