وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تیل کی قیمتیں اب بھی خطے میں سب سے کم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں تیل کی قیمتیں اب بھی ریجن میں سب سےکم ہیں، یا تو تین سال میں تیل کے کنوئیں نکل آتے ورنہ تیل باہر سے ہی خریدنا ہے، باہرتیل کی قیمت بڑھے گی تو قیمتیں تو بڑھیں گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ یہی اصول باقی درآمدات کےلیے بھی ہے، اصل کامیابی یہ ہے 75 فیصد آبادی کی آمدن میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان میں تیل کی قیمتیں اب بھی ریجن میں سب سےکم ہیں، یا تو تین سالوں میں تیل کے کنوئیں نکل آتے ورنہ ظاہر ہے جب آپ نے تیل باہر سے خریدنا ہے تو قیمت بڑھے گی تو قیمتیں بڑھیں گی، یہی اصول باقی درآمدات کیلئے ہے۔اصل کامیابی یہ ہےکہ75 فیصد آبادی کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے https://t.co/vfggD1xaFx
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 16, 2021
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا۔
شازیہ مری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تباہی سرکار کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے عوام دشمن فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تین ماہ میں 6 مرتبہ پیٹرول مہنگا کر کے حکومت نے عوام کے اوپر مہنگائی کا بم گرایا ہے، اندھی حکومت ملک میں بے روزگاری، مہنگائی اور لوٹ مار کے مشن پر گامزن ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک میں تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری کر کے غریب عوام کے ساتھ بہت ظلم کیا جارہا ہے، نیازی اور ان کے حواریوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں، نیازی سلطنت کے عوام دشمن فیصلوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا، جھوٹی سرکار کے عوام کو ریلیف دینے کے وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔
