Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہیلتھ کیئر ورکرز کو بوسٹر ڈوز لگانے کا معاملہ، محکمہ صحت نے این سی او سی کو خط لکھ دیا

محکمہ صحت سندھ نے ہیلتھ کیئر ورکرز کی بوسٹر ڈوز لگانے کے لیے این سی او سی کو خط لکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو خط ارسال کیا ہے، جس میں کہا گیا ہےکہ تمام ہیلتھ کیئر ورکرز کو بلا معاوضہ بوسٹرڈور لگائی جائے۔

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کیئر ورکرز کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا سب سے زیادہ خطرہ ہے، انہیں وبا کے خطرات سے بچاؤ کے لیے بوسٹر ڈوز لگائی جائے۔

واضح رہےکہ پاکستان میں مسلسل دوسرے روز کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح چھ فیصد سے کم رہی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 12 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 66 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 3 ہزار 897 مریض شفایاب ہو گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 30 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 27 ہزار 4 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 15 ہزار 821 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 76 ہزار 581 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 39 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 11 لاکھ 12 ہزار 236 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 56 ہزار 778 ٹیسٹ کیے گئے، جبکہ اب تک کل 1 کروڑ 86 لاکھ 82 ہزار 730 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں اب تک کل 7 کروڑ 4 لاکھ 2 ہزار 987 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 2 کروڑ 28 لاکھ 73 ہزار 298 افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 47 ہزار 678 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کل اموات 7 ہزار 210 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 18 ہزار 196 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 12 ہزار 319 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 69 ہزار 972 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کل اموات 5 ہزار 329 ہو گئیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version