سندھ حکومت کی جانب سے آٹے کی قیمت پر قابو پانے کے لئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے اقدامات تیز کردیے گئے ہیں۔ سندھ میں آٹے اور گندم کی قیمت پر قابو پانے کے لئے درآمد گندم کراچی پہنچنا شروع ہوگئی۔
زرائع محکمہ خوراک سندھ کے مطابق روس سے 60 ہزار ٹن گندم کا پہلا جہاز کل کراچی پہنچے گا، 62 ہزار ٹن گندم کا دوسرا جہاز 13 جنوری کو کراچی پہنچے گا، فروری میں 1لاکھ 30 ہزار ٹن گندم روس سے سندھ حکومت کو ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں؛ وزیراعلیٰ پنجاب نے فلور ملوں کو گندم کا سرکاری کوٹہ دگنا کردیا
ذرائع نے بتایا کہ مارچ میں بیرون ملک سے درآمد گندم کا ایک اور جہاز 65 ہزار ٹن لیکر کراچی پہنچے گا، دسمبر میں 2022 میں 63 ہزار ٹن گندم کا پہلا جہاز روس سے کراچی آچکا ہے، اس وقت سندھ بھر میں 4 لاکھ ٹن گندم سرکاری گوداموں میں موجود ہے۔
اس کے علاوہ وفاقی حکومت نے بھی 3 لاکھ ٹن گندم سندھ حکومت کو پاسکو سے دینے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر وزیرخوراک اور چیف سیکریٹری آٹے کی قیمت کنٹرول کرنے لیے خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔


















